Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چاڈ: جنگی طیارے سے گرا بم آرمی چیف کے گھر سے ٹکرا گیا

شائع 18 اپريل 2020 04:12am

افریقی ملک چاڈ میں غلطی سے جنگی طیارے سے بم آرمی چیف کے گھر پر گر گیا۔

سینیر آرمی آفیسر کی جانب سے حادثے میں 4 افراد کے ہلاک، جب کہ 2 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنگی طیارے سے گرنے والا بم صدارتی گارڈز کے ڈپٹی کمانڈر کے گھر پر گرا، جو صدر کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے ہیں۔

یہ حادثہ جہادی تنظیموں کے خلاف بنائے گئے ملٹری بیس کے قریب پیش آیا۔ اس فوجی بیس پر فرانسیسی فوجی بڑی تعداد میں تعینات ہیں، جو انتہا پسندوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

واقعہ کے بعد اعلیٰ حکام کی جانب سے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

چاڈ کے ایئرفورس ترجمان کے مطابق اندوہناک حادثے میں 2 خواتین اور 2 بچے ہلاک ہوئے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طیارے نے جیسے ہی اڑان بھری ، اس میں نصب بم طیارے سے نکل گیا اور فوجی بیس کے قریب واقعہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے گھر پر جا گرا، جہاں فوجی افسران اور اہلکاروں کی فیملیز رہائش پذیر ہیں۔

واضح رہے کہ روسی ساختہ طیارے سوخوئی چاڈ ایئرفورس کے زیر استعمال ہیں، جنہیں بوکو حرام کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کیا جارہا ہے۔

مارچ کے وسط تک اس لڑائی اور بوکوحرام کے حملوں میں 98 فوجی اور 150 چاڈ فوج کے اہلکار مارے جاچکے ہیں۔